ایک عشرے بعد صوبائی فنانس کمیشن کی تشکیل

ایک عشرے بعد صوبائی فنانس کمیشن کی تشکیل

کراچی:حکومت سندھ نےوزارت بلدیات کی جانب سے نامزدگیاں ملنے کے بعد  ایک عشرے کےانتظار کے بعد صوبائی فنانس کمیشن (پی ایف سی) تشکیل دے دیا۔

مقامی عہدیداروں کے مطابق سروسز، جنرل انتظامیہ اور کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ نے نوٹی فکیشن جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ایک دہائی بعد فنانس کمیشن کی ’تشکیل نو‘ کی جارہی ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، جو کہ صوبائی وزیر خزانہ بھی ہیں، فنانس کمیشن کے چیئرمین جبکہ وزیر بلدیات شریک چیئرمین ہوں گے۔نوٹی فکیشن کے مطابق کمیشن کے دیگر اراکین میں اراکین صوبائی اسمبلی شامل ہوں گے، جس کے لیے قائد ایوان کی جانب سے مخدوم رفیع الزماں جبکہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے فیصل سبزواری اپوزیشن کی نمائندگی کریں گے۔

منتخب بلدیاتی نمائندوں میں میئر کراچی وسیم اختر، میئر سکھر ارسلان شیخ، جیکب آباد کی ضلعی کونسل کے چیئرمین اور جیکب آباد کی میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کمیشن اراکین میں شامل ہوں گے۔اس کے علاوہ خزانہ، بلدیاتی حکومت اور منصوبہ بندی و ترقیات کی وزارتوں کے سیکریٹریز بھی کمیشن کے اراکین ہوں گے۔

سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ کے سابق ڈائریکٹر اقبال حسین شاہ اور اشرف واسطی کا پرائیویٹ سیکٹرز سے بطور دو پیشہ وارانہ اراکین کے طور پر چناؤ کیا گیا ہے۔

صوبائی فنانس کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس کا لازمی طور پر تعین کیا جائے گا، جبکہ لوکل باڈیز کے ترجیحی اخراجات اور وسائل کی تقسیم کے لیے منصفانہ طریقہ کار کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔