دوسرے روز بھی ملک بھر میں نیوز چینلز اور سوشل میڈیا بند

دوسرے روز بھی ملک بھر میں نیوز چینلز اور سوشل میڈیا بند

حکومت کی جانب سے فیض آباد دھرنا مظاہرین کے خلاف آپریشن کے بعد نیوز چینلز کی براہ راست کوریج اور سوشل میڈیا کی بندش آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔ملک بھر کے عوام نیوز چیلنجز تک رسائی نہ ہونے کے باعث ہیجان کا شکار ہیں جب کہ سوشل میڈیا تک رسائی نہ ہونے کے باعث مختلف قیاس آرائیاں جنم لے رہی ہیں۔

دوسری جانب پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے نیوز چینلز کی بندش کی شدید مذمت کی ہے۔ پی بی اے کے مطابق وہ ایک ضابطہ اخلاق کی دستخط کنندہ ہے جس کی منظوری سپریم کورٹ نے دی تھی اور اس نے ہمیشہ اس کی پابندی بھی کی۔

پی بی اے کے مطابق ایسوسی ایشن کے رکن چینل بڑی ذمے داری سے پاکستانی ناظرین کے لیے نہ صرف واقعات اور احتجاج کو کوور کر رہے ہیں بلکہ وہ دھرنے کے اثرات اور اس بارے میں عدالتی فیصلے سے بھی ناظرین کو آگاہ کر رہے ہیں۔

حساس سیکیورٹی آپریشن سے متعلق ضابطہ اخلاق کے مطابق پی بی اے کے رکن چینل ایسی لائیو کوریج سے اجتناب کریں گے جس سے آپریشن پر منفی اثر پڑ سکتا ہو یا سیکیورٹی اہل کاروں کی حفاظت کو خطرہ ہو، اس کے علاوہ ایسے حساس مواد کو نشر کرنے سے بھی اجتناب کیا جا رہا ہے۔

جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف اشتعال پھیلنے کا خدشہ ہو۔ ایسے میں تمام نیوز چینلوں کی یک طرفہ بندش پی بی اے کے لیے قابل قبول نہیں جسے فوری طور پر واپس لیا جائے، تاہم ایسے چینل کے خلاف ایکشن لیا جانا چاہیے جو ضابطہء اخلاق کی خلاف ورزی کرے -