فیض آپریشن کی ذمہ داریاں پنجاب رینجرز کے سپرد

فیض آپریشن کی ذمہ داریاں پنجاب رینجرز کے سپرد

اسلام آباد: فیض آباد دھرنے کے خلاف آپریشن کی تمام ذمہ داریاں پنجاب رینجرز کو سونپ دی گئیں۔ مذہبی جماعتوں کے دھرنے کو منتشر کرنے کے لئے اب رینجرز کو اختیارات دے دیئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے سول اختیارات کے تحت 26 نومبر سے 3 دسمبر تک آپریشن کی ذمہ داریاں رینجرز کے سپرد کی ہیں جب کہ آپریشن کے انچارج ڈی جی رینجرز پنجاب ہوں گے۔رینجرز کو فیض آباد کا علاقہ خالی کرانے اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ذمہ داریاں دینے کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جب کہ رینجرز کی معاونت کے لئے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری بھی موجود رہے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت وزیر اعظم ہاوس میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر داخلہ احسن اقبال، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی تھی۔