اداروں سے تصادم کی نواز شریف کی حکمت عملی نے نقصان پہنچایا : لیاقت بلوچ

اداروں سے تصادم کی نواز شریف کی حکمت عملی نے نقصان پہنچایا : لیاقت بلوچ


لاہور:جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ اداروں سے تصادم کی نوازشریف حکمت عملی نے ملک اور جمہوریت داؤ پر لگا دی ہے ، پنجاب حکومت ، وزارت داخلہ اور حکومتی انٹیلی جنس ادارے عوام کو ریلیف دینے اور پرامن احتجاج کے مطالبات کو تسلیم کرنے میں ناکام رہے۔


ایک انٹرویو میں لیاقت بلوچ نے کہاکہ تشدد کا راستہ حکومتوں کے لیے ہمیشہ ذلت کا باعث بناہے۔مذہبی ایشوز پر احتجاج ریاستی طاقت سے ملیا میٹ نہیں کیا جاسکتا۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اداروں کو بے توقیر کیا غیر جمہوری رویوں کی وجہ سے پارلیمانی نظام کو خطرہ میں ڈالدیا اور کوئی خارجہ پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے ملکی وقار اور عزت برباد کر دی ہے۔


لیاقت بلوچ نے کہاکہ انتخابات بروقت منعقد کرنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن جماعتیں مردم شماری کی بنیاد پر نئی حلقہ بندیوں کا آئینی ترمیمی بل منظور کریں خصوصاً اپوزیشن جماعتیں انتخابات التوا کی حکومتی سازش ناکام بنادیں۔ حکمران جماعت کے ممبران کھسک چکے ہیں صرف احتساب عدالتوں کے فیصلوں کے منتظر ہیں۔