اسلامی عسکری اتحاد دہشت گردی کے خلاف ہے، راحیل شریف

اسلامی عسکری اتحاد دہشت گردی کے خلاف ہے، راحیل شریف

ریاض: سابق پاک آرمی چیف اور اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام اور افواج نے بے پناہ قربانیاں دیں، پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے ناسور کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اسے شکست دی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی سربراہی میں دہشت گردی کے خلاف مسلم اتحاد کے پہلے اعلیٰ سطحی اجلاس کا افتتاح کردیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل (ر) راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں دہشت گردی کے ناسور سے سب سے زیادہ مسلم امہ متاثر ہوئی، گزشتہ 6 برس میں دہشت گردی سے ہونے والی اموات میں سے 70 فیصد مسلم ممالک میں ہوئیں، پاکستانی عوام اور افواج نے بھی بے پناہ قربانیاں دیں، پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے ناسور کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اسے شکست دی۔


راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لیے تمام ریاستیں انفرادی طور پر کام کررہی ہیں لیکن انفرادی طور پر اس سے نمٹنے کے لیے مسلم ریاستوں کے پاس وسائل نہیں ہیں، اس لیے اسلامی فوجی ممالک کا اتحاد بنایا گیا جو کسی ملک یا مسلک کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف ہے، یہ اتحاد اپنے اتحادیوں کو دہشت گردی نمٹنے کے لیے انٹیلی جنس کا تبادلہ اور استعداد بڑھانے میں تعاون کرے گا۔