قوم اجازت دے تو ڈیم کیلئے کارڈ پر ٹیکس لگائیں گے:چیف جسٹس کی تجویز

قوم اجازت دے تو ڈیم کیلئے کارڈ پر ٹیکس لگائیں گے:چیف جسٹس کی تجویز
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

لندن:چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ڈیم فنڈ میں 10لاکھ پاؤنڈز سے زائد رقم جمع ہوگئی ۔ چیف جسٹس نے تجویز دی ہے کہ قوم اجازت دے تو ڈیم کیلئےموبائل کارڈ پر ٹیکس لگائیں گے اور عوام اس بارے میں اپنی رائے ضرور دیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ڈیمزکی تعمیرکیلئے لندن میں عطیات جمع کرنے کی تقریب جاری ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ بھارتی سکھوں نے کینیڈا سے 50 ہزار ڈالر کا عطیہ ڈیم فنڈ کیلئے دیا،کالاباغ ڈیم پر چاروں بھائی متفق نہیں،انشاءاللہ ایک دن آئے گا کالا باغ پر چاروں بھائی متفق ہونگے۔

میاں ثاقب نثار کا مزید کہنا تھا کہ تصور بھی نہیں کیاتھا کہ ڈیم فنڈکو اتنی پذیرائی ملے گی ،بیرون ملک مقیم پاکستانی قوم سے بے پناہ محبت کرتے ہیں ،جب بھی کوئی مشکل آتی ہے تو سب سے پہلے اوورسیز پاکستانی مددکرتے ہیں ،ملک میں مقیم لوگوں کے پاس یہ جذبہ اورقدر نہیں ،لاہور سے چلاتو اتنایقین نہیں تھا کہ اتنی پذیرائی ملے گی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ منشابم نے ایک اوورسیز پاکستانی کی جائیداد پرقبضہ کیا ہواتھا ،،ایس ایس پی نے منشا بم سے متعلق کہا کہ ان کیخلاف کارروائی نہیں کرسکتے ،میں خود بھول چکاہوںکتنے سوموٹو نوٹس لیے ،انصاف کے ذریعے ہی معاشرے قائم رہ سکتے ہیں ،ازخودنوٹس لے کر لوگوں کے مسائل حل کیے۔

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم ڈیم فنڈ میں شامل ہوگی،پانی بنانے کی آج تک کوئی فیکٹر ی نہیں بن سکی،روزبروز پانی کی سطح میں کمی آتی جارہی ہے،،آج لاہورمیں پانی کی گہرائی 400فٹ تک جاچکی ہے،سندھ طاس معاہدے کے تحت دریائے سندھ ہمارا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بغیر مفاد کے انصاف دینے والے مل جائیں تو پاکستان ترقی کرسکتا ہے۔ڈیم کی تحریک پاکستان کی نہیں ، انسانیت کی تحریک بن چکی ہے۔دریائے سندھ پر ڈیم ضرور بنیں گے ،،مخالفت کرنے والوں کی کوئی پروا ہ نہیں ،ڈیم فنڈ قوم کی امانت ہے ،محفوظ ہاتھوں میں دے کر جاؤں گا۔

لندن ، مانچسٹر ، برمنگھم میں فنڈ ریز نگ کے بعد دوبارہ لندن میں دوسری تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پانچ سو سے زائد برٹش پاکستانیوں اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ خود بھی بھول چکا ہوں کہ کتنے سو موٹو نوٹس لیے،عدالت نے اسٹنٹس کی قیمت ایک لاکھ مقرر کی۔ایک پاکستانی خاتون کو پنشن کے 154روپے 57پیسے دیئے گئے۔ کیونکہ اس کے پاس رشوت کیلئے پیسے نہیں تھے۔

 فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ عوام پر ڈیم بنانے کے لیے ٹیکس لگانا مناسب نہیں ہو گا لیکن ہم نے پری پیڈ موبائل کارڈ پر وِد ہولڈنگ ٹیکس ختم کرایا تھا اور جب حساب لگایا تو معلوم ہوا کہ اس سے ہر ماہ 3 ارب روپے کی بچت ہوئی۔ اگر قوم نے اجازت دی تو پری پیڈ کارڈ پر دوبارہ ٹیکس لگا کر ڈیم کے لیے پیسے جمع کریں گے اور قوم میری اس تجویز پر رائے سے ضرور آگاہ کرے۔