حریت قیادت کی کال پر مقبوضہ کشمیر میں آج مکمل ہڑتال

حریت قیادت کی کال پر مقبوضہ کشمیر میں آج مکمل ہڑتال
بھارت نے قابض فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دی ہوئی ہے، حریت قیادت۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں اور پلواما میں بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی میں 8 کشمیریوں کی شہادت کیخلاف حریت قیادت کی کال پر آج وادی میں مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے۔


مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شہدا کو آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیا گیا۔

اس موقع پر مشترکہ حریت قیادت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے قابض فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند ماہ میں 400 سے زائد کشمیریوں کے قتل سے بھارت کی فوجی طاقت کی پالیسی ثابت ہوتی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ 3 روز کے دوران مقبوضہ وادی میں شہداء کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔