خواہش ہے کہ میچ بارش کی وجہ سے ڈرا ہو جائے ، روز ٹیلر

خواہش ہے کہ میچ بارش کی وجہ سے ڈرا ہو جائے ، روز ٹیلر
کیپشن: فوٹو سوشل میڈیا

دبئی : نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین روز ٹیلر نے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف دبئی ٹیسٹ ابھی ختم نہیں ہوا، اچھا کھیل کر جیت تو نہیں سکتے لیکن مقابلہ ضرور کر سکتے ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان روز ٹیلر نے دبئی ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر 53 گیندوں پر جارحانہ انداز اپناتے ہوئے چھ چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ ناٹ آؤٹ 49رنز بنانے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یاسر شاہ نے کمال بولنگ کی، وہ بجا طور پر تعریف کے مستحق ہیں۔

 
پریس کانفرنس کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ دبئی ٹیسٹ کیا نیوزی لینڈ کیلئے ختم ہوگیا؟ تو روز ٹیلر نے کچھ توقف کے بعد جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ ایسا سوچ سکتے ہیں،لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ابھی ہماری آٹھ وکٹیں باقی ہیں، ہم اچھا کھیل کر جیت تو نہیں سکتے البتہ مقابلہ ضرور کرسکتے ہیں۔

پریس کانفرنس میں سابق کیوی کپتان نے حارث سہیل اور بابر اعظم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں نے لاجواب بیٹنگ کی اور ان کی پرفارمنس کے سبب نیوزی لینڈ کی ٹیم مشکل میں پڑگئی۔

روز ٹیلر نے مزید کہا کہ کرکٹ میں کبھی ایسا ہوتا ہے کہ آپ اچھا نہیں کھیلتے اور پہلی اننگز میں ہمارے ساتھ ایسا ہی ہوا، ہمارے بیٹسمین توقعات پر پورا نہیں اترے اور ہم 100 رنز کے ہندسے کو بھی عبور نہیں کر پائے۔

34سالہ دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بیٹسمین نے کہا کہ دبئی میں بارش کے بارے میں کبھی سوچا نہیں تھا کہ صحرا میں بھی ایسا ہو سکتا ہے لیکن اب جب ہم شکست کے دہانے پر ہیں تو خواہش رکھتے ہیں کہ دبئی میں بارش ہو اور میچ بے نتیجہ ختم ہو جائے۔