احساس پروگرام غریبوں کی محرومیوں کے خاتمے کا آغاز ہے ، وزیر اعظم عمران خان

احساس پروگرام غریبوں کی محرومیوں کے خاتمے کا آغاز ہے ، وزیر اعظم عمران خان
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے  کہا ہے کہ حکومت کا احساس پروگرام غریبوں کی محرومیوں کے خاتمے کا آغاز ہے۔


تفصیلات کے مطابق ، وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا  کہ اس وقت پاکستان میں تین نظام تعلیم رائج ہیں۔ غریبوں کے لیے الگ اور امیروں کے لیے الگ الگ تعلیم کا نظام ہے۔ معاشرے میں تمام سہولیات امیروں کے لیے ہیں۔ گزشتہ دہائیوں کے دوران امیر اور غریب میں فرق بڑھا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا  کہ پاکستان کی غریب خواتین معاشرے کا کمزور ترین طبقہ ہے، ہماری اولین ترجیح انھیں غربت سے نکالنا ہے۔ فلاحی ریاست قائم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ غربت کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے ملکہ میکسیما کے دورہ پاکستان اور احساس پروگرام میں دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیدرلینڈ کی ملکہ میکسیما نے کہا کہ پاکستان میں 35 فیصد مردوں کے بینک اکاؤنٹ ہیں جبکہ بینک اکاؤنٹس ہولڈر خواتین کی شرح صرف 7 فیصد ہے۔ اس ایشو پر توجہ دینے کی واضح ضرورت ہے۔

ملکہ میکسیما نے کہا  کہ غریبوں میں شمار ہونے والے 40 فیصد لوگوں میں سے صرف 15 فیصد افراد کے بینک اکاؤنٹ موجود ہیں۔ اس ایشو پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور احساس پروگرام اس کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔