کورونا نے مزید 40 پاکستانیوں کی جان لے لی، جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہزار، 843 ہوگئی

Corona killed 40 more Pakistanis, death toll rise to 7,843
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: چوبیس گھنٹے کے دوران 3 ہزار 306 نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی تعداد 3 لاکھ، 86 ہزار، 198 تک جا پہنچی ہے جبکہ 3 لاکھ، 34 ہزار 392 مریض کورونا کو شکست دے کر صحتیاب ہو گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 6403، بلوچستان میں 16942، گلگت بلتستان میں 4583، اسلام آباد میں 28555، خیبر پختونخوا میں 45828، صوبہ پنجاب میں 116506 اور سندھ میں اس وقت 167381 کورونا کے کنفرم کیسز ہیں۔

اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں 1469، بلوچستان میں 624، گلگت بلتستان میں 168، اسلام آباد میں 5807، خیبر پختونخوا میں 3506، پنجاب میں 15438 اور سندھ میں 16951 ایکٹو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس موذی مرض سے مرنے والوں میں آزاد کشمیر کے 152، بلوچستان 165، گلگت بلتستان 96، اسلام آباد 297، خیبر پختونخوا 1344، صوبہ پنجاب 2923 اور سندھ کے 2866 شہری شامل ہیں۔

حکومت نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ملک کے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تمام صوبائی وزرائے تعلیم نے اس فیصلے کی تائید کی تھی جس کے بعد آج مورخہ 26 نومبر سے 10 جنوری 2021ء تک تمام سرکاری و غیر سرکاری سکولز، کالجز، جامعات، ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ، ٹیوشن سینٹرز اور مدرسے بند رہیں گے۔ حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے کھلنے کی حتمی تاریخ 11 جنوری 2021ء ہے تاہم کورونا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے چھٹیوں میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

این سی او سی کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے سندھ بھر میں کاروباری مراکز کو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔