چارٹرڈ طیارے کے ذریعے کھانا منگوانے والوں نے اپنی والدہ کی میت کارگو کردی، فردوس عاشق اعوان

چارٹرڈ طیارے کے ذریعے کھانا منگوانے والوں نے اپنی والدہ کی میت کارگو کردی، فردوس عاشق اعوان
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: فردوس عاشق اعوان نے شریف خاندان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جنہوں نے ماضی میں اپنے لئے ''پائے'' اور ''ہریسے'' کیلئے چارٹر طیارے منگوائے، انہوں نے آج اپنی ماں کے جسد خاکی کو عام طیارے کے ذریعے کارگو کر دیا۔

لاہور کے علاقے گلبرگ میں لعل شہباز قلندر پل کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے شہباز شریف اور حمزہ کو 5 روز پر پیرول کی رہائی کی منظوری دی۔ شریف فیملی جنازے کا اعلان کرے گی تو پیرول فعال ہوگا۔ انتظامیہ شریف خاندان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے ماضی میں اپنے لئے پائے اور ہریسے کیلئے چارٹر طیارے منگوائے۔ انہوں نے آج اپنی ماں کے جسد خاکی کو عام طیارے کے ذریعے کارگو کر دیا۔

معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ لاہور کے عوام کو آج نایاب تحفہ دیا گیا ہے۔ یہ تحفہ لاہوریوں کے دلوں کو قریب کرے گا اور ذرائع آمدورفت کیلئے سہولت کاری کرے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی کاوشوں سے ٹریفک مسائل سے نجات ملے گی، عوام کا وقت اور وسائل بچائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شفاف ٹینڈرنگ سے 13 کروڑ روپے بچائے ہیں۔ پہلے مخصوص ٹولے کو نوازنے کیلئے منصوبے بنتے رہے۔ اس پل کی تعمیر سے ٹریفک کے مسائل کافی حد تک کم ہوں گے۔ وسائل کی بچت اور شفافیت کی اس سے بہتر مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔ لعل شہباز قلندر پل 548 میٹر لمبا ہے جو ٹریفک کی روانی میں معاون ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب جو کہتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں، وہ صرف وعدے نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے منصوبوں میں ایسا بجٹ رکھا جاتا تھا جو ذاتی مارکیٹنگ کیلئے استعمال ہوتا تھا۔ یہ واحد منصوبہ ہے جس میں حکومت نے 13 کروڑ روپے کی بچت کرکے دکھائی۔ ماضی میں منصوبے ڈبل لاگت سے مکمل ہوتے رہے جس میں کرپشن واضح تھی۔ مسلم لیگ (ن) والے صف مرگ پر بھی سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے باز نہیں آ رہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کورونا اپوزیشن اور حکومت کو نہیں دیکھ رہا، یہ وائرس سب پر یکساں حملہ کرتا ہے۔ اس وائرس نے ثابت کر دیا ہے کہ اسے نازل ہونے کیلئے کسی ایک شخص یا جماعت کی ضرورت نہیں، اپوزیشن قانون کا احترام کرے اور کورونا سے بچاؤ کیلئے تعاون کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ دل پشوری کرنے کے بڑے مواقع آئیں گے، پھر جلسے کر لیں۔ اپوزیشن عوام کی حالت پر رحم کرے۔ سٹیج پر بڑھکیں مارنے والے ریاست کی رٹ چیلنج نہ کریں۔ عوام نے ملتان میں قانون کی تھوڑی سی جھلک دیکھی۔ اپوزیشن قانون کی رٹ اور سٹیٹ کو نہ چیلنج کرے۔ عوام کی جان بچانے کیلئے حکومت ہر سطح پر قانون کی رٹ قائم کرے گی۔