حکومت کو کورونا پالیسی پر اپوزیشن کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا، رانا ثناء اللہ

The government should have taken the opposition into confidence over the Corona policy, Rana Sanaullah
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کو کورونا پالیسی پر اپوزیشن کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔ پالیسیاں اتفاق رائے سے ہی بننی چاہیں۔ حکومت کورونا کو جواز بنا کر سیاست کر رہی ہے۔

لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک ہو چکے ہیں۔ انتقام اس حد تک بڑھ چکا ہے کہ اخلاقیات ختم ہوتی جا رہی ہیں۔ سیاست میں دشمنی سے معاشرے بگاڑ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ عمران خان سیاست کو دشمنی میں لے گئے ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی پیرول پر رہائی کی باضابطہ اطلاع نہیں ملی۔ ہم شہباز شریف کو 2 ہفتے تک پیرول پر رہائی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ احد چیمہ بے قصور تھا، مگر اسے 3 سال تک پابند سلاسل رکھا گیا۔ بے جا قید میں رکھنے والوں کیخلاف قانون سازی ہونی چاہیے۔

انہوں نے حکومتی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت معاشرے کی اخلاقی اقدار کو متاثر کر رہی ہے۔ حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے متعلق کوئی حتمی ریسرچ موجود نہیں ہے۔ کیا حکومت کے پاس کورونا وبا سے متاثرہ لوگوں کا ڈیٹا ہے؟ جلسے میں جانے والے کتنے لوگوں کو کورونا ہوا؟ دعا ہے اللہ تعالیٰ بلاول بھٹو کو جلد صحتیاب کرے۔ وہ 30 نومبر کو ویڈیو لنک کے ذریعے جلسہ میں شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ پاکستا ن پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آ گیا ہے۔ انہوں نے خود اپنے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ وبا سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ماسک کا استعمال نہ چھوڑیں۔