کترینہ کیف اپنی شادی سے کتنا کمائیں گی ۔۔۔ ؟

کترینہ کیف اپنی شادی سے کتنا کمائیں گی ۔۔۔ ؟

ممبئی : بھارتی اداکار جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل اپنی شادی سے کروڑوں کمائیں گے  ۔ بالی وڈ فلم انڈسٹری کے فنکاروں میں شادیوں سے پیسہ کمانے کا ٹرینڈ چل پڑا ہے کترینہ کیف کی شادی سے قبل پریانکا چوپڑا اور سونم کپور بھی اپنی شادی سے کروڑوں روپے کما چکی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق بالی وڈ فلم انڈسٹری میں ان دنوں باربی ڈول کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل کی شادی کے چرچے ہیں ۔ دونوں فنکار بظاہر خاموش مگر شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کی تاریخ مقام اورمہمانوں کی فہرست تیار کی جاچکی ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فنکار جوڑی نے شادی میں مدعو کئے جانے والے مہمانوں کے  موبائل لانے پر پابندی عائد کردی ہے  ۔شادی میں شریک ہونے والے مہمانوں کو موبائل لانے کی اجازت نہیں ہوگی اور مہمانوں کے موبائل چیک کرنے کے لئے کترینہ کیف نے ایک سیکورٹی کمپنی کی خدمات لی ہیں جو خصوصی سکینرز کے ذریعے مہمانوں کی جیبوں پرس اور بیگوں میں چھپے ہوئے موبائل بھی ٹریس کرلیں گے ۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کترینہ کیف نے اپنی شادی میں نوموبائل کا قانون اس لئے نافذ کیا ہےکیونکہ انہوں نے اپنی شادی کی تصاویر اور ویڈیو ز ایک انٹرنیشنل کمپنی کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بھارتی میڈیا رپورٹس میں اس کمپنی کا نام ظاہر نہیں کیا جارہا لیکن اس کمپنی کے ساتھ شادی کی ساری تصاویر اور ویڈیوز کی ڈیل طے پاچکی ہے ۔اس کمپنی نے ہی فنکارجوڑی کو کہا ہے کہ شادی میں شریک کسی بھی مہمان کے پاس موبائل نہیں ہونا چاہئے جس سے ان کی کوئی تصویر یا ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی جاسکے ۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا اور سونم کپور نے اپنی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز کئی میگزینز اور کمپنیوں کو فروخت کرکے لاکھوں روپے کمائے تھے ۔ انہوں نے بھی اپنی شادی کے موقع پر موجود مہمانوں کے موبائل فون لانے پر پابندی عائد کی تھی۔