الیکشن کمیشن نے عمران خان کو معاف کر دیا، توہین عدالت کے کیسز ختم

 الیکشن کمیشن نے عمران خان کو معاف کر دیا، توہین عدالت کے کیسز ختم

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے عمران خان کو معاف کر دیا۔ پارٹی فنڈنگ کیس اور توہین عدالت کیس میں معذرت قبول کر لی جس کے بعد  توہین عدالت کے کیسز کو ختم کر دیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔

چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کے احکامات معطل کر چکی ہے اس کے باوجود وہ اداروں کے احترام میں آج الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ بابر اعوان نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم کی جائے۔ اس موقع پر رکن الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے سوال کیا کہ کیا آپ کے موکل الیکشن کمیشن میں غیر مشروط معافی مانگنے کو تیار ہیں جس پر وکیل نے کہا کہ ہم پہلے دو بار الیکشن کمیشن سے معافی مانگ چکے ہیں۔

وکیل بابر اعوان نے کہا کہ 9 جنوری کو دی گئی نظرثانی درخواست واپس لیتے ہیں جس پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ کیا جواب واپس لینے سے توہین آمیز الفاظ بھی واپس ہو جاتے ہیں۔ سماعت کے دوران رکن الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے بابر اعوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کو ہمارے خلاف استعمال ہونے والے الفاظ پر افسوس ہے جب کہ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کیا ہم یہ الفاظ پڑھ دیں ہمیں شرم نہیں آتی جو الفاظ ہمارے خلاف استعمال کئے گئے وہ پڑھیں۔

جس پر بابر اعوان نے کہا کہ میں آپ کو بھی وہ الفاظ پڑھنے نہیں دوں گا اور اڈیالہ جیل میرا سسرال ہے میں الفاظ نہیں پڑھتا آپ مجھے سسرال بھیج دیں۔

عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے استدعا کی کہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم کی جائے۔ الیکشن کمیش نے عمران خان کی جانب سے معافی نامہ جمع کرانے پر توہین عدالت کا یہ کیس ختم کر دیا۔

الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے دوران مسلسل عدم پیشی پر گزشتہ سماعت پر وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ تاہم آج عمران خان الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوئے اور ان کے ہمراہ جہانگیر ترین سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔

یاد رہے عمران خان کو الیکشن کمیشن کو متعصب کہنے اور اسے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا الیکشن کمیشن کہنے پر 2 کیسز کا سامنا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں