شاہ محمود قریشی نے سیاست کی خاطر خاندان کا نام ڈبو دیا، مرید حسین

شاہ محمود قریشی نے سیاست کی خاطر خاندان کا نام ڈبو دیا، مرید حسین

ملتان:تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے بھائی مرید حسین قریشی نے کہا ہے کہ بھائی نے سیاست کی خاطر خاندان کا نام ڈبو دیا وہ فیصلہ کرلیں کہ انہیں ایمان چاہئے یا عمران خان۔جمعرات کے روز ملتان میں ممتاز صوفی بزرگ بہائوالدین زکریا کے عرس کے موقع پر شاہ محمود قریشی اور ان کے بھائی مرید حسین قریشی کے درمیان اختلاقات ایک بار پھر اس وقت کھل کے سامنے آئے.

جب شاہ محمود سے پہلے ان کے بھائی مرید حسین حضرت بہاوالدین زکریا رحم اللہ تعالی کے مزار میں پہنچ گئے اور مزار کو غسل دینے کے لئے سامان طلب کیا لیکن ایک مرید نے انہیں غسل کا سامان دینے سے انکار کردیا جس پر مرید حسین سیخ پا ہوگئے اور انہوں نے مرید پر تھپڑوں کی بارش کردی۔

بہاوالدین زکریا ملتانی کے عرس کی تقریبات کے افتتاح کے بعد مرید حسین قریشی اسٹیج پر چڑھ گئے اور حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے شاہ محمود قریشی کو یہ گدی سیاست کے لئے نہیں دی تھی اور یہ نہیں کہا تھا کہ جماعت غوثیہ کو جہاں مرضی ہے جا کر بیچ دیں۔انہوں نے شاہ محمود قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ درگاہ پر سیاست نہ کریں.

آپ نے سیاست کی خاطرخاندان کانام ڈبودیا آپ کے پاس زمین کہاں سے آئی یہ میں جانتا ہوں میں آپ سے والد کے انتقال سے لے کر اب تک حساب لوں گا اب آپ فیصلہ کرلیں کہ ایمان چاہئے یا عمران خان۔

لوگوں کے جنازے پڑھائیں اور امامت کرائیں عمران خان کے لئے ووٹ مانگنا چھوڑ دیں، 20 سال تک اقتدار آپ کے گھر کی لونڈی رہی لیکن آپ نے درباروں کے لئے کیا کیا ہم نے جب بھی حق مانگا ہمیں ایک لاش دی گئی آپ کو 7 قتل کا حساب دینا ہوگا۔