چینی شہر چونگ کنگ کے اسکول میں بچوں پر چاقو سے حملہ، 14 زخمی

چینی شہر چونگ کنگ کے اسکول میں بچوں پر چاقو سے حملہ، 14 زخمی
کیپشن: چاقو کے وار سے زخمی ہونے والے بچوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا—فوٹو/ بشکریہ سی این این

بیجنگ: چین کے وسطی شہر چونگ کنگ کے ایک کنڈر گارٹن اسکول میں ایک خاتون نے چاقو سے حملہ کر کے 14 بچوں کو زخمی کر دیا۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق واقعہ چونگ کنگ کے ضلع بانان میں پیش آیا جہاں بچوں پر خاتون نے اُس وقت حملہ کیا جب وہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے ایکسر سائز کے بعد کلاس میں واپس آئے۔

جس کے بعد اسکول سیکیورٹی گارڈز اور عملے نے خاتون کو قابو کیا۔ چاقو کے وار سے زخمی ہونے والے بچوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔دوسری جانب حملے میں ملوث 39 سالہ خاتون کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ چین میں بچوں پر حملے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل رواں برس اپریل میں چینی صوبے شان ژی کے ایک مڈل اسکول میں چاقو سے حملے کے نتیجے میں 9 طالب علم ہلاک ہو گئے تھے۔

2017 میں بھی ایک کنڈرگارٹن اسکول میں ایک شخص نے چاقو سے حملہ کر کے 11 طالب علموں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔