پی ٹی آئی کی 3 خواتین ارکان اسمبلی کی نااہلی کیلئے درخواست سماعت کیلئے منظور

پی ٹی آئی کی 3 خواتین ارکان اسمبلی کی نااہلی کیلئے درخواست سماعت کیلئے منظور
کیپشن: ملائکہ بخاری، تاشفین صفدر اور کنول شاہ زیب کے خلاف نااہلی کی درخواست کی سماعت کی۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے دہری شہریت اور غلط معلومات دینے پر پی ٹی آئی کی 3 خواتین ارکان اسمبلی کی نااہلی کیلئے درخواست سماعت کیلیے منظور کر لی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے دہری شہریت اور غلط معلومات کی فراہمی پر تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی 3 ارکان قومی اسمبلی ملائکہ بخاری، تاشفین صفدر اور کنول شاہ زیب کے خلاف نااہلی کی درخواست کی سماعت کی۔

عبد اللہ خان نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں ان کے وکیل احمد رضا قصوری نے موقف اختیار کیا کہ کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ تک ملائکہ بخاری دوہری شہریت رکھتی تھی جب کہ تاشفین صفدر نے بھی دوہری شہریت کے حوالے سے معلومات چھپائی ہیں۔ اس کے علاوہ کنول شاہ زیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ووٹ تبدیلی سے متعلق غلط بیانی کی۔ اس لئے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ممبران کو نااہل کیا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی ممبران کی نااہلی سے متعلق درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔