پی سی بی کی جانب سے قائم کی جانے والی کرکٹ کمیٹی کے ارکان کے نام سامنے آگئے

پی سی بی کی جانب سے قائم کی جانے والی کرکٹ کمیٹی کے ارکان کے نام سامنے آگئے
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قائم کی جانے والی کرکٹ کمیٹی کے ارکان کے نام سامنے آگئے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی میں سابق کپتان وسیم اکرم، مصباح الحق اور محسن خان کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پی سی بی نے وسیم اکرم اور مصباح کے ساتھ سابق کرکٹرمحسن خان کو بھی کرکٹ کمیٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ بطورکمیٹی رکن آج چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی سے ملاقات کریں گے۔

کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین کون ہوگا اس حوالے سے فیصلہ بھی آج ہونے کا امکان ہے۔اس حوالے سے محسن خان نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نے کرکٹ کمیٹی میں شمولیت کیلئے رابطہ کیا تھا۔احسان مانی کی خصوصی درخواست پر لاہور آیا ہوں۔سابق کپتان وسیم اکرم کو کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین بنائے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی اعلٰی سطح کی کرکٹ کمیٹی کو ٹیم کے ہیڈ کوچ، دیگر کوچز کے علاوہ سلیکٹرز اور کئی بڑے فیصلوں کا اختیار حاصل ہوگا۔کرکٹ کمیٹی ملک بھر میں کرکٹ اور کرکٹرز کے معاملات کی نگران ہوگی اور تمام پالیسی فیصلے کرنے سے قبل اس بارے میں سفارشات چیئرمین کو دے گی۔


خیال رہے کہ ماضی میں کوچز اور سلیکشن کمیٹی کا تقرر چیئرمین کرتے تھے اور اس حوالے سے رسمی منظوری کیلئے کمیٹی تشکیل دی جاتی تھی لیکن اب چیئرمین نے ساری ذمہ داری کرکٹ کمیٹی کو دے دی ہے۔


کرکٹ کمیٹی اپنی سفارشات کو مکمل کرنے کیلئے پی سی بی کے کسی بھی شعبے سے خفیہ معلومات حاصل کرسکتی ہے جب کہ کمیٹی کے پاس اختیار ہوگا کہ وہ چیئرمین کی منظوری سے کچھ اراکین کا تقرر کرسکتی ہے۔