وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان دبئی میں بے نامی جائیداد کی مالک نکلی

وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان دبئی میں بے نامی جائیداد کی مالک نکلی

اسلام آباد: ایف آئی اے نے پاکستانیوں کے غیرملکی اثاثوں سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ جمع کرادی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی دبئی میں بے نامی جائیداد کی مالک ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے سپریم کورٹ میں پاکستانیوں کے غیرملکی اثاثوں سے متعلق رپورٹ  جمع کرائی ہے جس میں ملک کی کئی سیاسی وسرکاری  شخصیات اوران کے اہل خانہ کے نام دبئی میں جائیدادوں کا انکشاف کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم دبئی میں بے نامی جائیداد کی مالک نکلیں ہیں، ایف آئی اے نے علیمہ خانم کو نوٹس جاری کر دیا ، یہ نوٹس ان کے اپنے ملازم کے دعوے کی روشنی میں بذریعہ ای میل بھی بھیجا گیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیر مرحوم مخدوم امین فہیم کی اہلیہ رضوانہ امین کے نام 4 جائیدادیں ہیں تاہم انہوں نے ان جائیدادوں کی ملکیت سے انکارکیا ہے اوران کے ملازم نے نوٹس وصول نہیں کیا۔

اس کے علاوہ دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی فرخ سلیم کی والدہ، پی ٹی آئی رہنما ممتاز احمد مسلم، عدنان سمیع خان کی والدہ نورین سمیع خان، سابق سینیٹر انوربیگ کی اہلیہ، سینیٹر تاج محمد آفریدی، میر حسن تالپور، سابق سینیٹرعمار احمد خان، کسٹمز کلیکٹر شاہد مجید، ایف بی آرافسر واصف خان، سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون کی اہلیہ، ڈی آئی جی سہیل حبیب تاجک، سابق ایکسین زاکم خان، کلیکٹر کسٹمز واحد خورشید کی اہلیہ جب کہ مشرف کے سابق سیکرٹری طارق عزیز کی بیٹیاں بھی دبئی میں جائیداد کی مالک نکلیں۔