پی ڈی ایم قائدین کے ڈرامے کا ڈراپ سین نزدیک آ رہا ہے، فیاض الحسن چوہان

Drop scene of PDM leaders' drama approaching: Fayyaz-ul-Hassan Chauhan
کیپشن: FILE PHOTO: fayyaz ul hassan chohan

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنمائوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ڈرامے کا ڈراپ سین جلد نزدیک آ رہا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ مکس اچار پارٹی واقعی ایک سرکس کی طرح عوام کو محظوظ کرنے میں مصروف ہے۔ پی ڈی ایم کے ہر نئے جلسے میں حواس باختہ قائدین کے ہوشربا انکشافات سے پاکستانی عوام محظوظ ہو رہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جن لاپتا افراد سے اظہار ہمدردی کیا، ان میں اپنا نام بھی شامل کر لیں تو مناسب ہوگا۔ گزشتہ دس ماہ سے سابق وزیراعظم پاکستان اپنے خاندان، کرپشن کے کھربوں ڈالرز اور 100 سوٹ کیسوں سمیت لاپتا ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیاست میں چور دروازے سے داخل ہونے والے نواز شریف آج جمہوریت کے ٹھیکیدار بنے بیٹھے ہیں۔ بلاول زرداری نے عمران خان پر بلوچستان کے جزائر پر قبضہ کرنے کا مضحکہ خیز بیان داغا ہے۔ سندھ کے وڈیروں کو شاید ہر دوسرا حکمران بھی قبضہ مافیا ہی لگتا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ آل شریف وآل زرداری کی ڈکشنری میں صحافت، عدلیہ اور سیاست کی آزادی کے معنی ان کی تابعداری اور چاکری سے منسوب ہیں۔ جس دن سے یہ ریاستی ادارے آزادانہ کام کر رہے ہیں، اپوزیشن کو لگتا ہے ان کا مینڈیٹ چھن گیا ہے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے قائدین کے ملک دوستی کے ڈرامے کا ڈراپ سین نزدیک آ رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنا اصل ایجنڈا اور ملک دشمنی پر مبنی مکروہ عزائم بے نقاب کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ بلوچستان کی آزادی کی بات کوئی محب وطن پاکستانی سیاستدان نہیں کر سکتا۔ صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ پی ڈی ایم کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔ آج عالم اسلام اور پوری دنیا میں پاکستان ایک معتبر ملک کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اس کی وجہ وزیراعظم عمران خان کی مدبرانہ قیادت اور بہترین سفارتکاری ہے۔