راولپنڈی پولیس پر ٹک ٹاک کے استعمال کی پابندی

tiktok banned,rawalpindi police

راولپنڈی:  ٹک ٹاک پر پولیس اہلکار کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پنجاب پولیس نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے راولپنڈی کے پولیس افسران اور اہلکاروں پر ٹک ٹاک استعمال کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔


تفصیلات کے مطابق  راولپنڈی پولیس چیف احسن یونس کی طرف سے ڈویڑنل ایس پیزاورسرکل افسران کوایک مراسلہ ارسال کیا گیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ آئندہ پولیس کا کوئی بھی آفیسر یا اہلکار ویڈیوز بناکر ٹک ٹاک ، فیس بک، یا یوٹیوب پر شیئر نہیں کرے گا۔


مراسلہ کا ماننا ہے کہ  پولیس کے افسران اور دیگر ملازمین کی جانب سے ٹک ٹاک کے استعمال اور ویڈیوزبنا کرسوشل میڈیا پروائرل کرنے سے پولیس کے محکمے کے بارے میں ایک منفی تاثرابھرتا ہے، لہٰذا آئندہ کسی بھی آفیسریا اہلکارکی طرف سے ویڈیوزسوشل میڈیا پروائرل کی گئیں تواس کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔


یاد رہے کہ اس سے قبل ایک پولیس اہلکار نے ٹک ٹاک پر ویڈیو شیئر کی تھی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی اور پولیس اہلکاروں کا بہت مذاق بنایا جا رہا ہے۔ پنجاب پولیس کی طرف سے اس اہلکار کو معطل کیا جا رہا ہے اور یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس اقدام کی وجہ شاید پولیس اہلکار کا ٹک ٹاک پر ویڈیو شیئر کرنا ہے۔


اس سے قبل پاکستان بھر میں حکومت نے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی تھی جس کے بعد عوامی دبائو پر یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا تھا۔