وزیراعظم ، وزیرقانون اور مشیر احتساب و داخلہ استعفیٰ دیں

n league,Imran Khan,immediate resign


  اسلا م آباد: پاکستان مسلم لیگ(ن) نے کہا کہ قیمتوں میں  اضافہ  کی وجہ عوام کے خلاف موجودہ سلیکٹڈ ظالم حکومت کے جرائم ہیں،ملک میں اس افراتفری کی ذمہ دار موجودہ نالائق ، نااہل، ووٹ چور کرپٹ حکومت ہے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں عدالت عظمیٰ  کے حالیہ تفصیلی فیصلے کے بعد صدر، وزیراعظم ، وزیرقانون اور مشیر احتساب و داخلہ سمیت وہ تمام افراد اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیں ،فارن فنڈنگ ،23خفیہ اکاؤنٹس،مالم جبہ،ہیلی کاپٹر کیس ،بی آر ٹی،بلین ٹری سونامی،آٹا،چینی چوری کے مقدمات کی روزانہ بنیادوں پر سماعت کی جائے۔


پاکستان مسلم لیگ (ن ) پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور فرانس کے صدر کے اسلام مخالف بیان کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فرانس کی حکومت سے احتجاج اور   مسلم دنیا کے کروڑوں عوام کی دل آزاری پر فرانس حکومت  سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ۔


مسلم لیگ (ن) نے مطالبہ کیا کہ احتجاجاً پاکستان کا سفیر فرانس سے واپس بلایا جائے جبکہ پاکستان میں فرانس کے سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا جائے جبکہ  نواز شریف کے بیانیے کی تائید کے لیے قرارداد  بھی منظور کی گئی جبکہ پی ڈی ایم میں دراڑیں ڈالنے کی حکومت کی اوچھی حرکتوں اور میڈیا مہم کی بھی شدید مذمت کرتا ہے۔


ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس  میں  فیصلہ  سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آ صف نے ارکان کو پڑھ کر سنایا۔فیصلے کے مطابق ن لیگی ارکان صرف قومی اسمبلی اجلاس اور قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ن لیگی پارلیمنٹرین اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے منعقدہ کسی کمیٹی، اجلاس، تقریب یا سیمینار میں شریک نہیں ہوں گے۔ اسپیکر اسد قیصر کو ن لیگ کی طرف سے اجلاس قواعد و ضوابط کے تحت چلانے کے لیے خط لکھا جائے گا۔ذرائع کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ایوان قواعد و ضوابط کے تحت نہیں چلایا تو ایوان کو چلنے نہیں دیا جائے گا۔ 


اعلامیہ میؒں کہا گیا کہ  اجلاس ملک میں مہنگائی کی تازہ لہر پر شدید احتجاج کرتا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں ٹماٹر 200 سے بڑھ کر 260روپے کلو ، شملہ مرچ کی قیمت 400، پیاز 80اور آلو 60روپے کلو فروخت ہونا عوام کے صبر کا امتحان اور ظلم ہے۔ بیروزگاری، معیشت کی تباہی، بجلی گیس کی قیمتوں نے پہلے ہی عوام کی معاشی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ روٹی کی قیمت 30روپے ، آٹا 75 اور چینی 115روپے ہونا، ادویات کی قیمتوں میں 792فیصد اضافہ عوام کے خلاف موجودہ سلیکٹڈ ظالم حکومت کے جرائم ہیں ۔ ملک میں اس افراتفری کی ذمہ دار موجودہ نالائق ، نااہل، ووٹ چور کرپٹ حکومت ہے۔  فارن فنڈنگ ،23خفیہ اکاؤنٹس،مالم جبہ،ہیلی کاپٹر کیس ،بی آر ٹی،بلین ٹری سونامی،آٹا،چینی چوری کے مقدمات کی روزانہ بنیادوں پر سماعت کی جائے۔