مسلم لیگ ن کا شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر کیلئے درخواست نہ دینے کا اعلان

Pakistan, Neo News, PML(N), National Assembly, Shahbaz Sharif

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن نے وزیراعظم عمران خان کے اعلان کے بعد بڑا فیصلہ کر لیا۔ پارلیمانی پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و پارٹی صدر شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر کیلئے اسپیکر کو درخواست نہیں دی جائے گی۔ مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس خواجہ آصف کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے منقعدہ کسی بھی تقریب، میٹنگ یا سیمینار میں شریک نہیں ہو گی تاہم لیگی ارکان صرف قومی اسمبلی کے اجلاس اور قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ فیصلہ پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف نے ارکان کو سنایا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کی طرف سے اسپیکر کو قومی اسمبلی اجلاس قواعد و ضوابط کے تحت چلانے کیلئے خط لکھا جائے گا اور اگر اسپیکر نے ایوان کو قواعد و ضوابط کے تحت نہ چلایا تو ایوان کو نہیں چلنے دیا جائے گا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ن لیگ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست نہیں دے گی اور اسپیکر نے وزیراعظم کے سامنے سرینڈر کر دیا ہے۔

اجلاس کے دوران ایک لیگی رکن نے پیپلز پارٹی کی طرف سے آئی جی سندھ کے اغواء کی ایف آئی آر درج نہ کرنے پر تحفظات ظاہر کیے اور کہا گیا کہ پیپلز پارٹی کے ایسے اقدامات سے ان کے بارے شکوک و شبہات بڑھتے ہیں جس پر شاہد خاقان عباسی نے جواب دیا کہ سینیٹ کی طرف سے قائم کمیٹی میں اس بارے بھی جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیانیے کی مکمل تائید اور ان پر بھرپور اظہار اعتماد کیا گیا۔ اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے ارکان سے کہا کہ وہ نواز شریف کے بیانیے کی مکمل حمایت کریں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ شہباز شریف سمیت کسی کو بھی پروڈکشن آرڈر نہیں جاری کیے جائیں گے۔