عالمی وبا کے مثبت کیسز آنے پر قائد اعظم یونیورسٹی سیل

Quaid-e-Azam University,temporarily closed,
سورس: https://commons.wikimedia.org/wiki/File:C.L_Quaid-e-Azam_University_Islamabad.jpg


اسلام آباد : عالمی وبا کے 5 مثبت کیسز سامنے آنے پر قائد اعظم یونیورسٹی کو سیل کر دیا گیا۔ ابتدائی طور پر یہ پابندی 6 نومبر تک لگائی گئی ہے لیکن وبا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اس میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔


تفصیلات کے مطابق پوری دنیا میں عالمی وبا ایک بار پھر اپنے پنجے گاڑنے میں مصروف ہےاور وبا کے 5 مثبت کیسز سامنے آنے کے بعد قائداعظم یونیورسٹی کو 6 نومبر تک سیل کرنے فیصلہ کیاگیا ہے۔6 نومبر تک طلبا کی کلاسز آن لائن ہوں گی ۔


اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس میں ہاسٹلز میں موجود طلبا کو فوری طور پر ہاسٹلز خالی کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔دوسرے شہروں سے آئے ہوئے طالب علم اپنے شعبہ جات کے سربراہ سے اجازت لے کر ہاسٹلز میں قیام کر سکتے ہیں۔ 


نوٹفکیشن میں واضح طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ اس پابندی کے دوران با امر مجبوری یونیورسٹی میں رہنے والے طلبا اور انتظامیہ کے لوگ سماجی فاصلے کا خیال رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں یونیورسٹی کے سٹاف سے مدد لی جا سکتی ہے۔


یاد رہے کہ اس سے قبل کئی ماہ تک تعلیمی ادارے حکومت کی طرف سے عالمی وبا سے بچنے کیلئے بند رکھے گئے تھے مگر اب اداروں کے دوبارہ کھلنے کے بعد عوام کی طرف سے اس وبا کو سنجیدہ نہ لئے جانے کی اطلاعات ہیں اسی وجہ سے آئے روز مختلف اداروں سے کیسز مثبت آنے کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔