دورہ منسوخ کرنے پر پاکستان کو کوئی رنجش نہیں ہو گی، کین ولیمسن

دورہ منسوخ کرنے پر پاکستان کو کوئی رنجش نہیں ہو گی، کین ولیمسن
کیپشن: دورہ منسوخ کرنے پر پاکستان کو کوئی رنجش نہیں ہو گی، کین ولیمسن
سورس: فائل فوٹو

دبئی: نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں میچ سے قبل کہا ہے کہ ٹیم کی جانب سے دورہ منسوخ کرنے پر پاکستان کو کوئی رنجش نہیں ہو گی۔

کین ولیمسن نے پاکستان کے ساتھ ہونے والے آج کے میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان بہت اچھے تعلقات ہیں اور ہم برسوں سے ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے آ رہے ہیں جبکہ کئی کھلاڑی ایک دوسرے کے ساتھ کھیل چکے ہیں۔

ان کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ صحیح اسپرٹ کے ساتھ کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم گزشتہ ماہ سیکیورٹی کو بنیاد بنا کر راولپنڈی میں سیریز کے پہلے میچ سے چند گھنٹے قبل ہی اپنا دورہ منسوخ کرکے پاکستان سے چلی گئی تھی۔

کین ولیمسن پاکستان چھوڑ کر واپس جانے والی کیوی ٹیم کا حصہ نہیں تھے اور وہ اس وقت انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیل رہے تھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ منسوخ کیے جانےکے بعد انگلینڈ نے بھی اپنی مردوں اور خواتین کی ٹیموں کا دورہ منسوخ کردیا تھا اور اس کی وجہ کھلاڑیوں کی جانب سے ذہنی طور پر تیار نہ ہونا بتایا گیا تھا۔