وزیر اعلیٰ پنجاب کا دیگر محکموں کی 70 ہزار خالی آسامیاں پُر کرنے کا اعلان

Chief Minister Punjab, Usman Buzdar, job vacancies, different departments, PTI government

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا تعلیم و صحت سمیت دیگر محکموں کی 70 ہزار خالی آسامیاں پُر کرنے کا اعلان ، کہا عوام کے مسائل اور مشکلات کا مکمل احساس ہے ۔ بے روزگاری کے خاتمے کیلئے 70 ہزار فوری نوکریاں فراہم کر رہے ہیں ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا ملتان میں ٹینک چوک پر قائم کورونا ویکسی نیشن موبائل سنٹر کا دورہ ، کورونا ویکسی نیشن کے عمل کا جائزہ لیا ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا نے عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے وباء سے نمٹنے کیلئے بہترین حکمت عملی اپنائی ، حکومت پنجاب نے کورونا ویکسی نیشن کے لئے گھر گھر مہم لانچ کر دی ہے ۔ روزانہ 10 لاکھ افراد کی کورونا ویکسی نیشن کا ٹارگٹ مقرر کیا ہے ۔ 18 ہزار موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئیں ، دسمبر تک 8 کروڑ افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کیا جائے گا ۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع ملتان میں ٹارگٹ کا 54 فیصد حاصل کر لیا ہے جبکہ دسمبر تک سو فیصد ویکسی نیشن کرینگے ۔

عثمان بزدار نے کہا کہ وہ جلد بہاولپور اور ملتان کا تفصیلی دورہ کرکے سب سیکرٹریٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے ، کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل بااختیار بنایا جائے گا اور مرحلہ وار تمام محکمے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منتقل کئے جائیں گے ۔

اس سے قبل سردار عثمان بزدار نے فیصل آباد میں چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کیا ، یہ منصوبہ 21 کروڑ کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ کا ادارہ بے آسرا بچوں کی تعمیر و تربیت کیلئے بہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔ ایسے اداروں کا دائرہ کار ہر ضلع تک بڑھائیں گے اور بے آسرا بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے ایسے اداروں کو وسائل کی کمی نہیں ہونے دیں گے ۔