ٹی 20 ورلڈکپ، جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

ٹی 20 ورلڈکپ، جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے 18 ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے ایڈن مارکرم اور وینڈوڈوسن کی عمدہ بلے بازی کی بدولت ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ 
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔ ایوین لوئس 35 گیندوں پر 6 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ لینڈل سمنز 16، نکولس پورن 12، کیرن پولارڈ 26 اور کرس گیل 12 رنز بنا سکے۔ 
جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈوین پریٹوریس سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 2 اوورز میں 17 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور کیشو مہاراج نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کاگیسو ربادا اور اینرچ نورجے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔ 
پروٹیز نے مقررہ ہدف 18.2 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ایڈن مارکر نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 26 گیندوں پر 4 چھکوں اور2 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 51 رنز بنائے اور ریسی وینڈرڈوسن نے 51 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 43 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جبکہ ریزا ہینڈرکس 39 اور ٹیمبا باووما 2 رنز بنا سکے۔ 
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کوئی بھی باؤلر خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا اور واحد وکٹ عقیل حسین نے حاصل کی جبکہ اینڈرے رسل سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 3.2 اوورز میں 36 رنز دئیے۔ 
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی قیادت ٹیمبا باووما نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ریزا ہینڈرکس، ریسی وینڈرڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرچ کلاسن، ڈیوڈ ملر، ڈوین پریٹوریس، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، اینرچ نورجے اور تبریز شمسی شامل تھے۔ 
ویسٹ انڈیز کی قیادت کیرن پولارڈ نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں لینڈل سمنز، ایوین لوئس، شمرون ہیت مائر، نکولس پورن، اینڈرے رسل، ڈوین براوو، عقیل حسین، ہیڈن واش اور روی رام پال شامل تھے۔