ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی کی تشکیل نو کر دی گئی، نیا نوٹیفکیشن جاری

ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی کی تشکیل نو کر دی گئی، نیا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی ٹیم کی تشکیل نو کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل نو سے متعلق جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اب یہ کمیٹی 2 رکنی ہے جس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر اطہر وحید اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے ڈپٹی ڈائریکٹر عمر شاہد حامد شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تحقیقاتی ٹیم فوری طور پر کینیا کا دورہ کرے گی اور جہاں پاکستانی ہائی کمیشن تحقیقاتی کمیٹی کی معاونت کرے گا جبکہ یہ کمیٹی اپنی تحقیقات مکمل کرکے وزارت داخلہ کو رپورٹ پیش کرے گی۔
گزشتہ روز ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی کے ارکان کی تعداد تین تھی جس میں آئی ایس آئی کے کرنل سعد احمد بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ سینئر صحافی ارشد شریف کو 23 اکتوبر کو کینیا میں قتل کیا گیا اور واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی اہلیہ جویریہ صدیق کا کہنا تھا کہ پولیس کے مطابق ارشد شریف کو کینیا میں گولی ماری گئی۔

مصنف کے بارے میں