بھارت ٹی ٹی پی اور جماعت الاحرار کو فنڈنگ کر رہا ہے، پاکستانی قونصلر

بھارت ٹی ٹی پی اور جماعت الاحرار کو فنڈنگ کر رہا ہے، پاکستانی قونصلر

نیو یارک: بھارتی پروپیگنڈے کے جواب میں جنرل اسمبلی میں پاکستانی قونصلر نے بھارتی چہرے سے ایک بار پھر نقاب ہٹا دیا۔ پاکستانی قونصلر ٹیپو عثمان نے بھارتی جواب پر تیسرے جواب میں کہا کہ بھارت ’دہشت گردی کی فیکٹریاں‘ بنا رہا ہے۔ ٹیپو عثمان نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کے لاتعداد ثبوت ہیں۔ عالمی اداروں نے بھارتی دہشتگردی کی کارروائیوں کو بے نقاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے عوام بھارتی جبر وتسلط سے آزادی چاہتے ہیں۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ کشمیریوں کو کبھی بھی شکست نہیں دی جا سکتی کیونکہ کشمیری اپنی آزادی کیلئے سینوں پر گولیاں کھا کر شہید ہو رہے ہیں۔ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کرائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیلسن منڈیلا اور فلسطینیوں کی طرح کشمیری بھی جدوجہد آزادی ترک نہیں کریں گے۔ پاکستانی قونصلر نے مزید کہا کہ بھارت ٹی ٹی پی اور جماعت الاحرار کو فنڈنگ کر رہا ہے اور بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں ملوث ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں