پیپلز پارٹی کو وفاقی حکومت ملی تو متحدہ بانی کو لٹکا دیں گے، وزیر داخلہ سندھ

پیپلز پارٹی کو وفاقی حکومت ملی تو متحدہ بانی کو لٹکا دیں گے، وزیر داخلہ سندھ

کراچی: وزیر خوراک و داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بانی ایم کیو ایم فسادی اور غدار ہیں انکو بھی کلبھوشن یادیو کی طرح سزا ملنی چاہئیے۔ ہمیں وفاقی حکومت ملی تو ان کو لٹکا دیں گے اور بانی ایم کیو ایم کے خلاف پاک سرزمین پارٹی کے 2 کارکنان کے قتل کے بعد وفاق کو خط لکھ چکے ہیں۔

سہیل انور سیال نے کہا عمران خان اپنی بات پر قائم نہیں رہتے،وہ یوٹرن کے لئے مشہور ہیں جبکہ پرویزمشرف جب صدر تھے انہیں آصف زرداری کے کیس یاد کیوں نہیں آئے۔ ذوالفقار مرزا کے بارے میں انہوں نے کہا پتہ ہے وہ کس کی ایما پر بول رہے ہیں جب وہ وزیر داخلہ سندھ تھے اس وقت انکو یہ باتیں یاد کیوں نہیں آئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان آرمی، رینجرز اور سندھ پولیس کی کاوشوں سے امن قائم ہوا ہے۔ ان کی کوششوں کی وجہ سے ردالفساد کامیاب ہوا ہے اور ردالفساد کے تحت بچے کھچے فسادیوں کو بھی ختم کیا جائے گا۔

سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے سالوں سے التوا کا شکار سن کوٹا بحال کیا ہے۔ محکمہ زراعت میں میرٹ کے بنیادوں پر ایک سو سے زائد افراد میں سن کوٹا کے تحت تقرریاں کیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں