مسلمانوں کی نسل کشی کی خبریں غلط ہیں : میانمار

مسلمانوں کی نسل کشی کی خبریں غلط ہیں : میانمار

نیویارک :میانمار نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ ان کے ملک میں مسلمانوں کی نسل کشی ہو رہی ہے ۔


میانمار کے سفیر ہان ڈو سوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جاری اجلاس کے چھٹے روز اپنے جواب کے حق کا استعمال کرتے ہوئے کہاکہ میانمار کے رہنما جو طویل عرصے سے آزادی اور انسانی حقوق کے لیے جدو جہد کررہے ہیں، ایسی پالیسز کی حمایت نہیں کرسکتے، ہم نسل کشی کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔


انہوں نے روہنگیا ریاست کے مسئلے کو انتہائی پیچیدہ قرار دیا اور زور دیا کہ اقوام متحدہ کی رکن ریاستیں اور بین الاقوامی کمیونٹی کو شمالی رخائن کی صورت حال کا بغور اور غیر جانبدار انداز میں جائزہ لینا چاہیے۔انہوں نے اراکان روہنگیا سیلویشن آرمی کی جانب سے حملوں کے آغاز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہر حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف لڑیں اور معصوم عوام کا تحفظ کریں۔ متعدد بچوں اور خواتین کو ہجرت کرنے پر مجبور کیا گیا جبکہ مردوں کو اے آر ایس اے میں بھرتی کیا گیا تاکہ میانمار کی سیکیورٹی فورسز کے خلاف لڑا جاسکے۔