ملی مسلم لیگ کوئی بس یا ٹرک نہیں جس کی رجسٹریشن درکار ہو ، ترجمان

ملی مسلم لیگ کوئی بس یا ٹرک نہیں جس کی رجسٹریشن درکار ہو ، ترجمان

لاہور : ملی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم نے وزارت داخلہ کے مبینہ خط جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن نہ کرے، پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے اور اسے غیر قانونی، غیر آئینی اور غیر اخلاقی حرکت قرار دیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت سیاسی جماعت کی "رجسٹریشن" کا کوئی قانون موجود نہیں ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ ہم پہلے بھی واضح کر چکے ہیں کہ ہمارا کسی ممنوعہ تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی ہم کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہیں۔ ہم "نیشنل ایکشن پلان" کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ اس پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ مبینہ خط کے مندرجات ملی مسلم لیگ سے متعلق نہیں ہیں اور نہ ہی ایم ایم ایل کی قیادت کے خلاف کوئی ثبوت فراہم کیا گیاہے۔ ن لیگ اپنی ڈوبتی کشتی بچانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے اور وزارت داخلہ کے ذریعہ غیر قانونی، غیر آئینی اور غیر اخلاقی حرکات کروا رہی ہے تاکہ محب وطن سیاسی جماعتوں کو آئین کے مطابق سیاسی سرگرمیوں سے روکا جا سکے۔ ہماری جماعت ہر قسم کے تشدد، فرقہ واریت، دہشت گردی، ناانصافی، کرپشن اور جرائم کے خلاف ہے اور یہ وہ تمام بنیادی نقاط ہیں جو ملی مسلم لیگ نے اپنے آئین میں درج کیے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالم اسلام اور بین الاقوامی دنیا کے درمیان ہم آہنگی اور امن کی خواہاں ہے اور تمام مسائل کا بات چیت کے ذریعے حل چاہتی ہے۔ملی مسلم لیگ اس غیر آئینی پراپیگنڈے کو مسترد کرتی ہے اور اس کے خلاف عدلیہ سے رجوع کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔