جعلی ڈگری اسکینڈل، شعیب شیخ کے قریبی ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا

جعلی ڈگری اسکینڈل، شعیب شیخ کے قریبی ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا
شعیب شیخ کا ساتھی ایگزیکٹ کیس میں ایف آئی اے کو مطلوب تھا۔۔۔۔ فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: جعلی ڈگری اسکینڈل میں سزا یافتہ شعیب شیخ کے قریبی ساتھی کو نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔ایئر پورٹ حکام کے مطابق شعیب شیخ کا ساتھی نائیجل نجی ایئر لائن کی پرواز سے قطر فرار ہو رہا تھا۔ امیگریشن کے دوران ملزم کا پاسپورٹ بلیک لسٹ میں درج ہونے کا انکشاف ہوا جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔


ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ نائیجل ایف آئی اے کو مقدمے میں مطلوب ہے۔ امیگریشن عملے نے مسافر کو گرفتار کر کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل کے حوالے کر دیا۔

ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ شعیب شیخ کا ساتھی ایگزیکٹ کیس میں بھی ایف آئی اے کو مطلوب تھا۔

رواں سال جولائی میں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے شعیب شیخ کو 20 سال قید کی سزا سنائی تھی جب کہ عدالت نے شعیب شیخ کے علاوہ 22 دیگر ملزمان کو بھی سزائیں سنائی تھیں۔