سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا داماد گرفتار

سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا داماد گرفتار
کیپشن: ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی میں فراڈ کے نتیجے میں 200 سے 300 لوگ متاثر ہوئے تھے۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی میں اربوں روپے کے مبینہ فراڈ سے متعلق مقدمے میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے داماد مرتضیٰ کو دبئی میں گرفتار کر لیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی میں فراڈ کے نتیجے میں 200 سے 300 لوگ متاثر ہوئے تھے جن کی ساری زندگی کی جمع پونجی ڈوب گئی تھی۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے حیران کن فیصلہ کیا اور ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی سے متعلق کیس سپریم کورٹ میں اپنے پاس لگوا کر اپنے سمدھی کو ریلیف فراہم کیا۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کے مقدمے میں بڑا بریک تھرو ہوا ہے اور سابق چیف جسٹس کے داماد مرتضیٰ کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے دبئی سے گرفتار کر لیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس کیس میں افتخار چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار، ان کی صاحبزادی اور سمدھی بھی نامزد ہیں۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے 24 گھنٹے میں اس سلسلے میں حتمی اور فیصلہ کن رپورٹ طلب کر لی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت میں آنے سے قبل رواں برس جون میں پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو خط لکھ کر ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی میں اربوں روپے کے مبینہ فراڈ پر سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری، ان کی صاحبزادی، داماد اور سمدھی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔