بھارت کے انکار پر پاکستان کو دھچکا لگا، خواجہ آصف

 بھارت کے انکار پر پاکستان کو دھچکا لگا، خواجہ آصف
کیپشن: افغان مہاجرین کو پاسپورٹ دینے والے بیان کو بعد میں تجویز کہہ دیا گیا، خواجہ آصف۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان سعودی عرب گئے تو پی ٹی آئی والوں نے کہا کہ وہ 10 ارب لے آئے ہیں لیکن اب یہ نہیں پتا چلا ارب الف سے تھا یا عین سے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کے حوالے سے بھارت کے انکار پر پاکستان کو دھچکا لگا اور سی پیک پر بھی شکوک و شبہات پیدا کیے گئے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ افغان مہاجرین کو پاسپورٹ دینے والے بیان کو بعد میں تجویز کہہ دیا گیا۔ خارجہ پالیسی کے محاذ پر حکومت کی کارکردگی سے ملک کو خفت اٹھانا پڑی ہے۔

خواجہ آصف کے جواب میں شیریں مزاری نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن میں آتے ہی خواجہ آصف کو خارجہ پالیسی یاد آ گئی۔ سابق حکومت کی خارجہ پالیسی واضح نہیں تھی اور اس پر پارلیمنٹ میں بحث ہی نہیں ہوتی تھی اگر اپوزیشن کو سیاست کھیلنی ہے تو کھیل لے ہم بھی تیار ہیں۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ مسائل حل کرنے پر توجہ ہو گی تو ہم بھی ساتھ دیں گے۔ ہم نے منی لانڈرنگ کے مسئلے پر پہلی بار برطانیہ سے بات کی اور کئی افراد کو تو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔