بنگلادیش کا پاکستان کو جیت کے لیے240 رنز کا ہدف

بنگلادیش کا پاکستان کو جیت کے لیے240 رنز کا ہدف

ابو ظہبی: ایشیا کپ کے انتہائی اہم میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کوجیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  بنگلادیش کے کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستانی بالرز کے تباہ کن اسپیل نے حریف ٹیم کے ابتدائی تین بلے بازوں کو صرف 12 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی، آؤٹ ہونے والے بیٹسمین لیتن داس 6، سومیا سرکار صفر اور مومن الحق 5 رنز بناسکے۔

تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد تجربہ کار مشفق الرحیم اور محمد متھون نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 144 رنز کی شراکت داری کرکے ٹیم کو بحران سے نکالا تاہم محمد متھون 60 رنز پر حسن علی کا شکار بن گئے جب کہ مشفق الرحیم ایک رن کے فرق سے سنچری مکمل نہ کرسکے اور 99 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے، بنگلادیش کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 239 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ایونٹ کا پہلا میچ کھیلنے والے جنید خان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے  4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ  اور نوجوان بالر شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے 2،2 شکار کیے،اسپنر شاداب خا ن کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

اس اہم مقابلے کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، محمد عامر کی جگہ جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا، قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو کہا ہے کہ بنگلا دیش سے میچ میں مثبت کھیلیں۔

ایشیا کپ کے ڈو اینڈ ڈائی میچ میں بنگال ٹائیگرز اور سرفراز الیون کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان آج میچ میں جیتنے والی ٹیم بھارت کے ساتھ فائنل کھیلے گی اور فائنل کے بڑے معرکے میں جیتنے والی ٹیم ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرے گی۔