دہشت گردوں کو وزیرستان میں دوبارہ نہیں آنے دیں گے، آرمی چیف

دہشت گردوں کو وزیرستان میں دوبارہ نہیں آنے دیں گے، آرمی چیف
کیپشن: image by facebook

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو وزیرستان کے علاقے میں دوبارہ نہیں آنے دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا، انھوں نے عزم کا اظہار کیا کہ علاقے میں دہشت گردوں کو دوبارہ نہیں آنے دیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان دورے کے موقع پر آرمی چیف کو سیکورٹی کی صورتِ حال، بارڈر مینجمنٹ اور ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو علاقے کے متاثرین کی بحالی کے سلسلے میں بھی بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے حوصلے اور جرأت کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے ادارے کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقے میں دیر پا امن کے قیام کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

آرمی چیف نے کہا کہ سماجی، اقتصادی ترقی اور استحکام سے متعلق آپریشنز پر توجہ رکھی جائے، وزیرستان کو ملک کے دیگر اضلاع کی طرح ترقی دینے کا وقت آ گیا ہے۔