نیب اجلاس: سابق وزرا، اسپیکر اور دیگر اعلیٰ عہدے داروں کے خلاف کارروائی کا حکم

نیب اجلاس: سابق وزرا، اسپیکر اور دیگر اعلیٰ عہدے داروں کے خلاف کارروائی کا حکم
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر، سابق اسپیکر اور دیگر متعدد اعلیٰ عہدے داروں کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔

تفصیلا ت کے مطابق اسلام آباد میں چیئرمین نیب کی زیرِ صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں بدعنوانی کے 4 ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

نیب اجلاس میں سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی اور سابق وزیر اعجاز حسین جاکھرانی کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی۔

قومی احتساب بیورو نے سابق وفاقی وزیر تنویر حسین گیلانی کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی ہے، جب کہ سابق سیکریٹری پانی و بجلی شاہد رفیع کے خلاف بھی ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

نیب اجلاس میں سابق کمشنر افغان مہاجرین ضیا الرحمان کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی ہے، سابق کمشنر افغان مہاجرین مولانا فضل الرحمان کے بھائی ہیں۔

نیب نے سی ای او قائدِ اعظم اسپتال شوکت بنگش و دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نیب کے مطابق شوکت علی بنگش پر 612 ملین روپے خورد برد کا الزام ہے۔

قومی احتساب بیورو نے جن دیگر افراد کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی ہے ان میں سابق سیکریٹری لینڈ کراچی غلام مصطفی، سابق ڈی سی فضل الرحمان، سابق کمشنر روشن علی بھی شامل ہیں۔

نیب نے شوکت حسین جوکھیو کےخلاف بھی بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی، ملزمان پر 265 ایکٹر سرکاری زمین غیر قانونی طور لیز پر دینے کا الزام ہے۔

نیب اجلاس میں سابق کمشنر سکھر جام غلام قادر، وائس چیئرمین اسپورٹس بورڈ حنیف عباسی کے خلاف تحقیقات اور سابق چیئرمین بورڈ آف گورنرز پیپکو محمد سلیم عارف، ملک محمد رضی عباس اور طاہر بشارت کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔