پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال تیزی سے بہتر ہو رہی ہے، آرمی چیف

پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال تیزی سے بہتر ہو رہی ہے، آرمی چیف
کیپشن: سیکیورٹی صورتحال میں بہتری سے غیر ملکی سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کو فروغ ملا ہے، آرمی چیف۔۔۔۔فوٹو/ آئی ایس پی آر

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے عالمی اسلامک بینک کے چیف ایگزیکٹو علی بن عبداللہ الثانی نے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عالمی اسلامک بینک کے چیف ایگزیکٹو شیخ علی بن عبد اللہ الثانی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں ان کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات ہوئی جس میں سیکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال تیزی سے بہتر ہو رہی ہے اور اس سے ملک میں استحکام آ رہا ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی صورتحال میں بہتری سے غیر ملکی سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کو فروغ ملا ہے۔

آرمی چیف سے گفتگو میں عالمی اسلامک بینک کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ دیرپا امن کے قیام سے معاشی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی۔