مجھے سزا دیتے، دیتے ملک کو ڈبو دیا گیا، نواز شریف

مجھے سزا دیتے، دیتے ملک کو ڈبو دیا گیا، نواز شریف
کیپشن: اب ہم ملک کو مزید تماشہ نہیں بننے دیں گے، نواز شریف۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لندن: پاکستان مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مجھے سزا دیتے دیتے ملک کو ڈبو دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے لکھا کہ ‏یہ ہے حقیقت اس احتساب کی جس کے ذریعے آپ کے تین بار منتخب وزیر اعظم کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا، سزائیں دلوائیں گئیں اور اشتہاری قرار دیا گیا اور مجھے سزا دیتے دیتے ملک کو ڈبو دیا۔ اب ہم اس ملک کو مزید تماشہ نہیں بننے دیں گے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل میاں نواز شریف نے کہا تھا کہ میں اپنی جماعت کو ہدایات جاری کر رہا ہوں کہ آئندہ ہماری پارٹی کا کوئی رکن، انفرادی، جماعتی یا ذاتی سطح پر عسکری اور متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندوں سے ملاقات نہیں کرے گا۔

ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے لکھا تھا کہ حالیہ واقعات سے ایک بار پھر ثابت ہوتا ہے کہ کس طرح بعض ملاقاتیں سات پردوں میں چھپی رہتی اور کس طرح بعض کی تشہیر کر کے مرضی کے معنی دیئے جاتے ہیں۔