آل پاکستان انجمن تاجران کا ایف بی آر کا گھیراؤ کرنے کا اعلان

 آل پاکستان انجمن تاجران کا ایف بی آر کا گھیراؤ کرنے کا اعلان
کیپشن: آل پاکستان انجمن تاجران کا ایف بی آر کا گھیراؤ کرنے کا اعلان
سورس: فائل فوٹو

کراچی: آل پاکستان انجمن تاجران نے 29 ستمبر کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کر دیا۔

صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 29 ستمبر کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا ہر صورت گھیراؤ ہو گا اور کالے قانون کے خلاف پاکستان بھر سے تاجر اسلام آباد پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پوائنٹ آف سیل پر ڈیوائس لگانے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے جبکہ سیل ٹیکس رجسٹریشن کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ حکومت تاجروں کے ساتھ پہلے سے کیے گئے معاہدے کی بھی پاسداری کرے۔

اجمل بلوچ نے کہا کہ تاجروں سے ٹیکنیکل زبان میں گفتگو نہ کی جائے اور ملکی لٹریسی ریٹ کے مطابق آسان ٹیکس نظام وقت کی ضرورت ہے۔ صدارتی آرڈیننس سے ایف بی آر کو دیے گئے اختیارات سے کرپشن میں اضافہ ہو گا اور ایف بی آر تاجروں کو حراساں کرنے کا عمل فوری طور پر بند کرے۔

اس سے قبل ممبر آئی آر ایف بی آر آپریشنز قیصر اقبال نے کہا ہے کہ انکم ٹیکس سے متلعق آرڈیننس میں ترامیم کا اطلاق چھوٹے تاجروں پر نہیں ہوتا اور یہ غلط فہمی پاکستان کے عوام میں گمراہی پیدا کرنے کے لئے پھیلائی جارہی تھی جو دور ہو گئی ہے۔

قیصر اقبال نے انجمن تاجران کے صدر کاشف چوہدری کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوائنٹ آف سیلز لگانے کا چھوٹے تاجروں پر اطلاق نہیں ہو گا۔ چھوٹے تاجروں کے ایف بی آر سے مذاکرات کامیاب ہوئے ہیں اور سوشل میڈیا کے دور میں صدارتی آرڈیننس کے حوالے سے غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی تھی۔

قیصر اقبال نے کہا کہ ایسے افراد جو گھر سے کاروبار کررہے ہیں لیکن رجسٹرد نہیں ہیں ان پروفیشنلز پر بجلی بلز اضافی ٹیکس کا اطلاق ہوگا۔ چھوٹے تاجروں کے ساتھ مشاورت کررہے ہیں کمشنرز کو کہا جارہا ہے کہ وہ تاجروں کے تحفظات سن کر ان کا مقامی سطح پر حل کریں۔ 

دوسری جانب کاشف چوہدری نے کہا کہ پوائنٹ آف سیلز کا اطلاق چھوٹے تاجروں پر نہیں ہو گا اور یہ واضح کر دیا گیا چھوٹے تاجر کا سیلز ٹیکس بجلی بل میں کٹ جاتا ہے۔ ٹیکس ترمیمی آرڈیننس، بجلی بلوں پر اضافی ٹیکس کا معاملہ ختم ہو گیا لہٰذا مرکزی انجمن تاجران پاکستان 27 ستمبر کا احتجاج موخر کرتے ہیں۔