خود کو ابھی بھی سٹار نہیں سمجھتی :پریانکا چوپڑا

خود کو ابھی بھی سٹار نہیں سمجھتی :پریانکا چوپڑا

ممبئی: بالی ووڈ میں جہاں تقریبا سب ہی ادکارائیں خود کو نمبر ون  اور  بڑا سٹار سمجھتی ہیں وہیں ایسی شخصیت بھی موجود ہے جو خود کو ابھی بڑا اسٹار نہیں سمجھتی بالی و وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے صرف ہندوستان میں ہی نہیں بلکہ اپنی شاندار اداکاری سے دنیا بھر میں ایک اہم مقام حاصل کرلیا ہے، تاہم پریانکا چوپڑا آج بھی خود کو بہت بڑا اسٹار نہیں مانتی۔

حالیہ دیے گئے ایک انٹرویو میںاداکارہ کا کہنا تھا کہ ’ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ اگر ہم ہندوستان میں اسٹار ہیں تو ہم دنیا بھر میں اسٹار مانے جائیں گے، یہ ٹھیک نہیں، ملک کے اسٹارز الگ ہوتے ہیں، اس لیے میں نے ایسی کوئی امید نہیں رکھی‘۔

34 سالہ پریانکا نے مزید کہا کہ ’مجھے آج بھی اس بات سے کوئی مسئلہ نہیں کہ میں کسی کمرے میں جاؤں اور خود اپنا تعارف کرواؤں اور بتاؤں کہ میں ایک انڈین اداکارہ ہوں، اس میں کوئی چھوٹی بات نہیں‘۔

خیال رہے کہ پریانکا چوپڑا نے ہالی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز امریکی ٹی وی شو ’کوائنٹیکو‘ کے ساتھ کیا، اس ڈرامے کے دو سیزن سامنے آئے جس میں پریانکا چوپڑا نے مرکزی کردار ادا کیے۔

اپنے شو کے بعد انہوں نے پہلی ہالی وڈ فلم ’بےواچ‘ سائن کی جس کی پروموشنز میں پریانکا آج کل مصروف ہیں، فلم ’بےواچ‘ رواں سال 19 مئی کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

اپنی پہلی ہالی وڈ فلم کے لیے ’بےواچ‘ کا انتخاب کرنے کے حوالے سے اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے کوائینٹیکو کے بعد کئی ہالی ووڈ فلموں میں کام کی آفر ملی، اس میں سے مجھے بےواچ پسند آئی، اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ مجھے اس کا شو بےحد پسند تھا، دوسری یہ ہے کہ میں اپنے شو کوائٹیکو سے کچھ مختلف کردار ادا کرنا چاہتی تھی‘۔

واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا فلم ’بےواچ‘ میں وکٹوریا لیڈز نامی ولن کا کردار ادا کررہی ہیں۔

پریانکا چوپڑا آخری مرتبہ دو بالی و وڈ فلموں میں کام کرتی نظر آئیں تھیں، جن میں ایک 2015 کی فلم ’باجی راؤ مستانی‘ ہے جبکہ دوسری 2016 کی فلم ’جے گنگاجل‘ ہے۔

اس کے بعد سے اب تک انہوں نے کوئی بولی وڈ فلم سائن نہیں کی۔

بولی وڈ سے غیر موجودگی اور نئے اداکاروں کو مواقع ملنے کے سوال پر پریانکا نے کہا کہ وہ بولی وڈ میں ہونے والے کام کو دیکھ کر بےحد خوش ہیں اور جلد کسی بولی وڈ فلم میں کام کرتی نظر آئیں گی۔