جماعت اسلامی کل بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف عوامی مظاہرے کرے گی ، لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی کل بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف عوامی مظاہرے کرے گی ، لیاقت بلوچ

لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور مرکزی سیاسی کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں آج 28 اپریل بروز جمعہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی پروگرام کی تیاریوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس عاملہ کے 24 اپریل کو ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیاہے کہ ملک میں جاری بجلی کی جان لیوا لوڈشیڈنگ کے خلاف 28 اپریل کولاہور میں لیکسو ، گوجرانوالہ گیسکو ، اسلام آباد آئیسکو، فیصل آباد فیسکو، حیدر آباد حیسکو، کوئٹہ کیسکو، ملتان میسکو ، پشاور پیپکو آفس اور بجلی کمپنیوں کے دفاتر کے سامنے عوامی مظاہرے کیے جائیں گے ۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے قوم سے اپیل کی ہے کہ بدترین لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات کے لیے ان احتجاجی مظاہروں میں بھر پور شرکت کریں ۔ شیڈول کے مطابق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق بٹ خیلہ ، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ لاہور ، نائب امیر اسد اللہ بھٹو حیدر آباد ، نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم اسلام آباد ، نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ گوجرانوالہ ، امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد فیصل آباد ، ڈاکٹر معراج الہدٰی صدیقی سکھر ، مولانا عبدالحق ہاشمی کوئٹہ ، حافظ نعیم الرحمن کراچی ، ڈاکٹر سید وسیم اختر ملتان اور صابر حسین اعوان پشاور میں عوامی احتجاجی مظاہروں کی قیادت کریں گے ۔