حکومت نے دفاعی بجٹ میں 19.5فیصد اضافہ کر دیا

حکومت نے دفاعی بجٹ میں 19.5فیصد اضافہ کر دیا
کیپشن: فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے مالی سال 19-2018 کے بجٹ میں دفاع کے لیے گزشتہ برس کے مقابلے میں 19.5 فیصد اضافہ کرتے ہوئے 11کھرب (1100 ارب) روپے تجویز کیے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مالی سال 19-2018 کا 59 کھرب 32 ارب روپے حجم کا بجٹ پیش کیا، جس میں جی ڈی پی کا ہدف 6.2 فیصد رکھا گیا ہے۔وفاقی حکومت نے دفاعی بجٹ میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 19.5 فیصد اضافہ کیا، سال 18-2017 کے بجٹ میں 9 کھرب 20 ارب (920 ارب) روپے دفاع کے لیے رکھے گئے تھے، 19-2018 میں اس میں ایک کھرب 80 ارب (180ارب) روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں کہا ہے یکم جولائی 2018 سے فوجی ملازمین اور سول ملازمین کی تنخواہ میں 10 فیصد ایڈہاک ریلیف الاونس بھی دیا جائے گا۔یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ برس مالی سال 18-2017 کے بجٹ میں دفاع کے لیے مختص رقم میں 7 فیصد اضافہ کیا تھا۔