آرتھر ورلڈ کپ میں عامر کی شمولیت کیلئے پرامید،سکواڈ میں تبدیلیوں کا بھی اشارہ دیدیا

آرتھر ورلڈ کپ میں عامر کی شمولیت کیلئے پرامید،سکواڈ میں تبدیلیوں کا بھی اشارہ دیدیا
کیپشن: تصویر ٹوئٹر

لندن :قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے میگا ایونٹ ورلڈ کپ سے قبل سکواڈ میں تبدیلیوں کا اشارہ دیتے ہوئے کھلاڑیوں کو کارکردگی دکھانے کیلئے دباﺅ بڑھا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مکی آرتھر نے محمد عامر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عامر نے پریکٹس سیشنز میں اچھی باﺅلنگ کرائی اور امید ہے کہ کاﺅنٹی کے خلاف ٹور میچ میں اور انگلینڈ کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے ورلڈ کپ سکواڈ میں جگہ بنالے گا۔مکی آرتھرنے کہا کہ محمد عامر ردھم میں ہے انگلینڈ کیخلاف سیریز میں کارکردگی دکھا کرخود کوورلڈ کپ اسکواڈ کااہل ثابت کرسکتے ہیں۔

ورلڈکپ میں شریک تمام ٹیموں کو 23 مئی تک تبدیلیوں کی اجازت ہے۔محمدعامر کو ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ بنانے کے لیے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پرامید ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے پاس اس حوالے سے 3 آپشنز موجود ہیں۔انگلینڈ کے خلاف سیریز میں محمد حسنین سمیت کسی بھی فاسٹ باؤلر کی کارکردگی اچھی نہ رہی تو بھی محمد عامر ورلڈکپ سکواڈ میں شامل کرلیے جائینگے۔ بلے بازوں کی کارکردگی اوپر نیچے ہونے کی صورت میں کوچ کے فیورٹ آصف علی بھی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔دوسری طرف پاکستان کے دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم نے تیسرے روز بھی پریکٹس سیشن میں بھرپور شرکت کی۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پریکٹس سیشن کے تینوں روز بہت زبردست رہے۔ قومی ٹیم اپنا پہلا پریکٹس میچ آج کھیلے گی۔انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔کھلاڑیوں کو بیٹنگ، باولنگ اور فیلڈنگ کی خصوصی ٹریننگ کرائی گئی۔کوچ مکی آرتھر نے باﺅلرز کو بھی فیلڈنگ کی تربیت دی۔محمد حفیظ نے تیسرے روز بھی پریکٹس کی اور نیٹ پر باﺅلنگ بھی کرائی۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں سردی زیادہ ہے مگر کھلاڑی جلدی موسم کے حساب سے خود کو ایڈجسٹ کر لیں گے۔محمد حفیظ کا فٹ ہونا خوش آئند ہے۔ ٹیم کو ان کی ضرورت ہے۔ پریکٹس میچ میں اپنے فل کمبینیشن کے ساتھ اتریں گے۔قومی ٹیم اپنا پہلا پریکٹس میچ کینٹ کاونٹی کے خلاف کھیلے گی۔ورلڈ کپ کے مقابلوں کا آغاز 30 مئی سے ہوگا۔

افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان تاریخی اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔پاکستان کی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ سرفراز احمد کی قیادت میں ویسٹ انڈیزکے خلاف 31 مئی کوکھیلے گی۔ پاکستان کا اپنے روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 16 جون کو ہو گا۔