مقبوضہ کشمیر: قابض بھارتی فوج نے ایک روز میں 7 کشمیریوں کو شہید کردیا

مقبوضہ کشمیر: قابض بھارتی فوج نے ایک روز میں 7 کشمیریوں کو شہید کردیا
کیپشن: قابض بھارتی فوجی نے 5 روز میں فائرنگ سے اب تک 16 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

سری نگر: مقبوضہ کشمیر  قابض بھارتی افواج نے ایک روز میں 7 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق  قابض بھارتی فوج نے ضلع کلگام کے علاقے میں  محاصرے کے دوران گھر گھر تلاشی کی آڑ میں  24 گھنٹوں کے اندر  مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق اس سے قبل بھارتی فوج نے ضلع کلگام کے علاقے استھل میں بھی 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تھا جس کے بعد 24گھنٹوں سےکم وقت میں شہیدکشمیریوں کی تعداد7 ہو گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قابض بھارتی فوجی نے 5 روز میں فائرنگ سے اب تک 16 کشمیری نوجوانوں کو  شہید کر دیا۔

مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ 5 روز میں16 کشمیریوں کابھارتی فوج کے ہاتھوں قتل قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کے لیے ذمہ داریاں پوری کرے۔