جناح اسپتال میں کورونا کے مشتبہ مریض نے خودکشی کر لی

جناح اسپتال میں کورونا کے مشتبہ مریض نے خودکشی کر لی
کیپشن: مشتبہ مریض فواد علی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کر لیا گیا تھا اور رپورٹ کا انتظار تھا، اسپتال ذرائع۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: کراچی کے جناح اسپتال میں داخل کورونا وائرس کے مشتبہ مریض نے وارڈ کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔صدر پولیس کے مطابق لانڈھی کے علاقے قائد آباد کے رہائشی 30 سالہ فواد علی کو چند روز قبل آئس نشے کا عادی ہونے کی بناء پر جناح اسپتال لایا گیا تھا۔

جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق ایمرجنسی میں طبی معائنے کے دوران فواد علی میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں، جس پر اسے فوری طور پر جناح اسپتال کے وارڈ 23 میں بھیج دیا گیا جہاں زیادہ تر کورونا وائرس کے مشتبہ مریض داخل ہیں۔اسپتال ذرائع کے مطابق مشتبہ مریض فواد علی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کر لیا گیا تھا اور رپورٹ کا انتظار تھا۔

ڈاکٹروں کے مطابق نشہ نہ ملنے کی وجہ سے اس کی حالت خراب ہو گئی تھی اور اس نے پیرا میڈیکل اسٹاف اور وارڈ بوائے سے جھگڑا بھی کیا جس کے بعد مریض نے آج صبح اسپتال کی تیسری منزل کی بالکونی سے چھلانگ لگا دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ  خود کشی کرنے والے فواد علی کی لاش مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے۔