بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو تمام ممکنہ امداد فراہم کر رہے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو تمام ممکنہ امداد فراہم کر رہے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ
کیپشن: مالی امداد ان پاکستانیوں کو دی گئی جو بینکاک، ترکی اور امریکا میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستانی سفارتخانے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو تمام ممکنہ امداد فراہم کر رہے ہیں۔عائشہ فاروقی نے کہا کہ دنیا بھر میں موجود سو ملکوں میں کام کرنے والے پاکستانی سفارتخانے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو تمام ممکنہ امداد فراہم کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹیلی وژن کو انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانے کے عملے نے خلیجی ملکوں میں رہائش پذیر مستحق خاندانوں میں اشیائے خورونوش تقسیم کیں اور انہیں مالی امداد بھی دی۔

ترجمان نے کہا مالی امداد ان پاکستانیوں کو دی گئی جو بینکاک، ترکی اور امریکا میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانے کے عملے نے ہوائی اڈوں پر وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کو بھی امداد فراہم کی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ترجیح ان پاکستانیوں کو دی گئی ہے جن کے ویزوں کی مدت ختم ہو گئی ہے۔