لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ ،خاتون شہید، آٹھ سالہ بچی زخمی

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ ،خاتون شہید، آٹھ سالہ بچی زخمی
کیپشن: Image Source: File Photo

راولپنڈی: بھارتی فوج نے   بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے، بلا اشتعال فائرنگ سے ایک خاتون شہید اور آٹھ سالہ بچی زخمی ہو گئی۔


ترجمان پاک فوج کے مطابق،  بھارتی فورسز نے جندروٹ اور کھوئی رٹہ سیکٹر میں جان بوجھ کر سول آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فائرنگ سے 36 سالہ یاسمین بی بی شہید جبکہ 8 سالہ معصوم بچی عطیبہ ظہیر زخمی ہو گئی جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ رواں سال ایل او سی پر بھارتی جارحیت میں مزید اضافہ ہو چکا ہے۔

 ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے نے واضح کیا کہ مودی سرکار ہندتوا اور سیفران دہشتگردی کے نظریے پر عمل پیرا ہے۔ بھارتی فوج نے 2019ء میں سب سے زیادہ 3351 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جس سے 52 افراد شہید اور 261 زخمی ہوئے۔

کنٹرول لائن پر فائرنگ واقعے کے بعد بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔

مراسلے میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز نے آج کھوئی رٹہ اور جنڈروٹ سیکٹروں میں بلا اشتعال فائرنگ کی اور کنٹرول لائن پر آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون شہید اور نو سالہ بچی شدید زخمی ہوئی۔