پی ایس ایل کے بقیہ میچز کیلئے ڈرافٹنگ آج ہوگی

پی ایس ایل کے بقیہ میچز کیلئے ڈرافٹنگ آج ہوگی
سورس: file

لاہور: ‏پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز کے لیے ڈرافٹنگ آج رات 8 بجے ہوگی ۔ پلاٹینم راؤنڈ میں لاہور قلندرز کی پہلی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دوسری پک ہوگی ۔

فرنچائزز کو ڈرافٹ کے لیے دستیاب کھلاڑیوں کی فہرست مہیا کر دی گئی ہے ۔ پی ایس ایل کے باقی میچز کیلئے صف اول کے کھلاڑی مکمل طور پر دستیاب نہیں ہیں جبکہ بہت سے کھلاڑی صرف کچھ میچز کیلئے دستیاب ہیں اس لئے معروف اور اہم انٹرنیشنل کرکٹرز کی عدم دستیابی فرنچائزز کیلئے بھی پریشانی کا باعث بن گئی ہے ۔

  

پی ایس ایل کے ابتدائی میچز کھیلنے والے انگلینڈ کے کرکٹرز اب دستیاب نہیں ہیں جبکہ آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے جو کھلاڑی دستیاب ہیں ، ان میں صف اول کے نام شامل نہیں ہیں ، سری لنکا ، بنگلہ دیش ، افغانستان اور ویسٹ انڈیز کے بھی کھلاڑی دستیاب ہیں ۔

بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور تمیم اقبال بھی فہرست میں شامل ہیں ، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل پی ایس ایل کیلئے دستیاب ہوں گے ، اینڈرے رسل نے چند میچز کیلئے دستیابی ظاہر کی ہے جبکہ عثمان خواجہ ، ایڈم ملنے ، جیمز فالکنر ، جو برنز اور مورنی مورکل بھی ڈارفٹ کا حصہ ہیں ۔

واضح رہے کہ پلاٹینم اور ڈائمنڈ کیٹیگری میں بڑے غیر ملکی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی سے فرنچائزز کو اپنے مضبوط کمبی نیشن بنانے میں مشکل پیش آرہی ہے ، پی ایس ایل کے ابتدائی میچز کھیلنے والے بعض غیر ملکی کرکٹرز اب بھارتی لیگ میں مصروف ہیں ، پی ایس ایل کے باقی میچز یکم سے 20 جون تک کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ کھلاڑیوں کا قرنطینہ 22 مئی سے شروع ہو گا ۔